Back to: الف سے شروع ہونے والی نعتیں
اے عشقِ نبی میرے دل میں بھی سما جانا مجھ کوبھی محمدﷺ کا دیوانہ بنا جانا |
جس خواب میں ہو جائے دیدارِ نبیﷺ حاصل اے عشق کبھی مجھ کو نیند ایسی سُلا جانا |
ہر خواہشِ نفس میری اک بت ہے میرے دل کا بت خانئہ دل میرا کعبہ سا بنا جانا |
جو رنگ کہ جامی پر رومی پر چڑھایا تھا اس رنگ کی کچھ رنگت مجھ پہ بھی چڑھا جانا |
خرقانی و بسطامی منصور نے جو پی تھی اک قطرہ اسی مے کا مجھ کو بھی پلا جانا |
قدرت کی نگاہیں بھی جس چہرے کو تکتی تھیں اس چہرہء انور کا دیدار کرا جانا |
دیدارِ محمدﷺ کی حسرت تو رہے باقی جز اس کے ہر اک حسرت اس دل سے مٹا جانا |
دنیا سے ریاضؔ ہو جب عقبیٰ کی طرف جانا داغِ غمِ احمد سے سینے کو سجا جانا |
اے کاش ریاضؔ آئے مژدہ یہ مدینے سے سرکارﷺ بلاتے ہیں اک نعت سنا جانا |
اے عشقِ نبی میرے دل میں بھی سما جانا مجھ کوبھی محمدﷺ کا دیوانہ بنا جانا |