Back to: ب سے شروع ہونے والی نعتیں
بڑی امید ہے سرکار قدموں میں بلائیں گے کرم ہوگا کبھی ہم پر، مدینے ہم بھی جائیں گے |
نظر میں اس کے جلوے عرشِ اعظیم کے سمائیں گے درِ سرور پہ جو سجدے عقیدت کے لُٹائیں گے |
دلوں میں جو دئیے ان کی محبت کے جلائیں گے یقیناً وہ سراغِ منزل مقصود پائیں گے |
اگر جانا مدینے میں ہوا ہم غم کے ماروں کا مکینِ گنبدِ خضرا کو حالِ دل سنائیں گے |
گنہگاروں میں خود آ آکے ہوں گے پارسا شامل شفیعِ حشر جب دامانِ رحمت میں چھپائیں گے |
قیامت تک جگائیں گے نہ پھر منکر نکیر اُن کو لحد میں وہ جنہیں اپنا رُخِ زیبا دکھائیں گے |
قسم اللہ کی مجھ کو، وہ منظر دیدنی ہوگا قیامت میں رسول اللہ جب تشریف لائیں گے |
اُدھر برسے گا بارانِ کرم میدانِ حشر میں جدھر بھی رحمتِ عالم نگاہوں کو اٹھائیں گے |
غمِ رشقِ نبی سے ہوگا جب معمور دل نیّر ترے ظلمت کدے میں بھی ستارے جگمگائیں گے |
بڑی امید ہے سرکار قدموں میں بلائیں گے کرم کی جب نظر ہوگی مدینے ہم بھی آئیں گے |