بے اجازت اُس طرف نظریں اٹھا سکتا ہے کون وہ نہ بلوائیں تو اُن کے در پہ جاسکتا ہے کون |
خالقِ کُل، مالکِ کُل ، رازقِ کُل ہے وہی یہ حقائق جز شہ بطحٰی بتا سکتا ہے کون |
اک اشارے سے فلک پر چاند دو ٹکڑے ہُوا معجزہ یہ کون دیکھے گا؟ دکھا سکتا ہے کون |
کس کی جرات ہے نظر بھر کر اُدھر کو دیکھو لے دیدہ ور ہو کر بھی تابِ دید لا سکتا ہے کون |
ہم نے دیکھا ہے جمالِ بارگاہِ مصطفےٰ ہم سے اس دنیا میں اب آنکھیں ملا سکتا ہے کون |
نام لیوا اُن کا ہے اوجِ فلک تک باریاب کوئی یوں اُبھرے تو پھر اس کو دبا سکتا ہے کون |
اللہ اللہ ! عید میلادِ نبی کا غُلغُلہ اِس شرف ، اِ س شان سے دنیا میں آسکتا ہے کون |
بارگاہِ مصطفیٰ میں یہ صحابہ کا ہجوم اتنے تابندہ ستارے یُوں سجا سکتا ہے کون |
جن کو دنیا میں نہیں اُن کی شفاعت پر یقیں حشر میں اُن کو جہنم سے بچا سکتا ہے کون |
دارِ فانی میں محبت اُن کی ہے وجہِ بقا جو نصیر اُن پر مٹا ، اُس کو مٹا سکتا ہے کون |