Back to: خ سے شروع ہونے والی نعتیں
خلق کے سرور شافع محشر صلی اللہ علیہ وسلم مرسل داور خاص پیمبر صلی اللہ علیہ وسلم |
نورمجسم، نیّر اعظم، سرور عالم، مونسِ آدم نوح کے ہمدم، خضر کے رہبر، صلی اللہ علیہ وسلم |
دولتِ دنیا خاک برابر، ہاتھ کے خالی دل کے تونگر مالک کشور تخت نہ افسر، صلی اللہ علیہ وسلم |
رہبر موسیٰ، ہادیء عیسٰی ، تارک دنیا، مالک عقبٰی ہاتھ کا تکیہ، خاک کا بستر، صلی اللہ علیہ وسلم |
فخر جہاں ہیں، عرش مکاں ہیں، شاہ شہاں ہیں، سیف زباں ہیں سب پہ عیاں ہیں آپ کے جوہر، صلی اللہ علیہ وسلم |
قبلہء عالم، کعبہ اعظم، سب سے مقدم راز کے محرم جان مجسم، روح مصور، صلی اللہ علیہ وسلم |
سروخراماں، چہرہ گلستاں، جبہ تاباں، مہر درخشاں سنبل پیچاں، زلف معنبر ، صلی اللہ علیہ وسلم |
مہر سے مملو ریشہ ریشہ، نعت امیر اپنا ہے پیشہ ورد ہمیشہ رہتا ہے لب پر ، صلی اللہ علیہ وسلم |