Back to: ص سے شروع ہونے والی نعتیں
صبح طیبہ میں ہوئی بٹتا ہے باڑا نور کا صدقہ لینے نور کا آیا ہے تارا نور کا |
باغِ طیبہ میں سہانا پھول پھولا نور کا مست بو ہیں بلبلیں پڑھتی ہیں کلمہ نور کا |
بارھویں کے چاند کا مجرا ہے سجدہ نور کا بارہ برجوں سے جھکا ایک اِک ستارہ نور کا |
ان کے قصرِ قدر سے خلد ایک کمرہ نور کا سدرہ پائیں باغ میں ننھا سا پودا نور کا |
عرش بھی فردوس بھی اس شاہ والا نور کا یہ مُثمّن بُرج وہ مشکوئے اعلیٰ نور کا |
آئی بدعت چھائی ظلمت رنگ بدلا نور کا ماہِ سنّت مہرِ طلعت لے لے بدلا نور کا |
تیرے ہی ماتھے رہا اے جان سہرا نور کا بخت جاگا نور کا چمکا ستارا نور کا |
میں گدا تو بادشاہ بھر دے پیالہ نور کا نور دن دونا تِرا دے ڈال صدقہ نور کا |
تیری ہی جانب ہے پانچوں وقت سجدہ نور کا رُخ ہے قبلہ نور کا ابرو ہے کعبہ نور کا |
پشت پر ڈھلکا سرِ انور سے شملہ نور کا دیکھیں موسیٰ طور سے اُترا صحیفہ نور کا |
تاج والے دیکھ کر تیرا عمامہ نور کا سر جھکاتے ہیں، الٰہی! بول بالا نور کا |
بینیِ پُر نور پر رخشاں ہے بُکّہ نور کا ہے لِوَآءُ الْحَمْد پر اڑتا پھریرا نور کا |
مصحفِ عارض پہ ہے خطِّ شفیعہ نور کا لو، سیہ کارو! مبارک ہو قبالہ نور کا |
آبِ زر بنتا ہے عارض پر پسینہ نور کا مصحفِ اعجاز پر چڑھتا ہے سونا نور کا |
صبح طیبہ میں ہوئی بٹتا ہے باڑا نور کا صدقہ لینے نور کا آیا ہے تارا نور کا |