Back to: ط سے شروع ہونے والی نعتیں
طوبےٰ میں جو سب سے اونچی نازک سیدھی نکلی شاخ مانگوں نعت نبی لکھنے کو روح قدس سے ایسی شاخ |
مولیٰ گلبن رحمت زہرا سبطین اس کی کلیاں پھول صدیق و فاروق و عثماں حیدر ہر اک اس کی شاخ |
شاخ قامت شہ میں زلف و چشم و رخسار و لب ہیں سنبل نرگس گل پنکھڑیاں قدرت کی کیا پھولی شاخ |
اپنے ان باغوں کا صدقہ وہ رحمت کا پانی دے جس سے نخل دل میں ہو پیدا پیارے تیری ولا کی شاخ |
یادِ رخ میں آہیں کر کے بن میں مَیں رویا آئی بہار جھومیں نسیمیں نیساں برسا کلیاں چٹکیں مہکی شاخ |
ظاہر و باطن اول آخر زیب فروغ و زین اصول باغ رسالت میں ہے تو ہی گل غنچہ جڑ پتی شاخ |
آل احمد خذ بیدی یا سید حمزہ کن مددی وقتِ خزانِ عمرِ رضا ہو برگ ہدیٰ سے نہ عاری شاخ |