Back to: ن سے شروع ہونے والی نعتیں
نارِ دوزخ کو چمن کردے بہارِ عارض ظلمتِ حشر کو دن کردے نہارِ عارض |
گرچہ قرآں ہے نہ قرآں کی برابر لیکن کچھ تو ہے جس پہ ہے وہ مدح نگارِ عارض |
جیسے قرآن ہے وِرد اس گلِ محبوبی کا یوں ہی قرآں کا وظیفہ ہے وقارِ عارض |
طور کیا عرش جلےدیکھ کے وہ جلوہء گرم آپ عارض ہو مگر آئینہ دارِ عارض |
طرفہ عالم ہے وہ قرآن اِدھر دیکھیں اُدھر مصحفِ پاک ہو حیران بہارِ عارض |
ترجمہ ہے یہ صفت کا وہ خود آئینہء ذات کیوں نہ مصحف سے زیادہ ہو وقارِ عارض |
جلوہ فرمائیں رخِ دل کی سیاہی مٹ جائے صبح ہوجائے الہٰی شبِ تارِ عارض |
نامِ حق پر کرے محبوب دل و جاں قربان حق کرے عرش سے تا فرش نثارِ عارض |
مشک بُو زلف سے رخ چہرہ سے بالوں میں شعاع معجزہ ہے حلبِ زلف و تتارِ عارض |
حق نے بخشا ہے کرم نذرِ گدایاں ہو قبول پیارے اک دل ہے وہ کرتے ہیں نثارِ عارض |
آہ بے مایگیِ دل کہ رضائے محتاج لے کر اک جان چلا بہرِ نثارِ عارض |