Back to: چ سے شروع ہونے والی نعتیں
چمک تجھ سے پاتے ہیں سب پانے والے مِرا دل بھی چمکا دے چمکانے والے |
برستا نہیں دیکھ کر ابرِ رحمت بدوں پر بھی برسا دے برسانے والے |
مدینے کے خطّے خدا تجھ کو رکھے غریبوں، فقیروں کے ٹھہرانے والے |
تو زندہ ہے واللہ! تو زندہ ہے واللہ! مِرے چشمِ عالَم سے چھپ جانے والے |
میں مجرم ہوں آقا! مجھے ساتھ لے لو کہ رستے میں ہیں جا بہ جا تھانے والے |
حرم کی زمیں اور قدم رکھ کے چلنا ارے سر کا موقع ہے او جانے والے |
چل اٹھ جبہہ فرسا ہو ساقی کے در پر درِ جود اے میرے مستانے ’وا‘ لے |
تِرا کھائیں تیرے غلاموں سے اُلجھیں ہیں منکر عجب کھانے غُرّانے والے |
رہےگا یوں ہی اُن کا چرچا رہے گا پڑے خاک ہو جائیں جل جانے والے |
اب آئی شفاعت کی ساعت اب آئی ذرا چین لے میرے گھبرانے والے |
رضؔا نفس دشمن ہے دم میں نہ آنا کہاں تم نے دیکھے ہیں چندرانے والے |
چمک تجھ سے پاتے ہیں سب پانے والے مِرا دل بھی چمکا دے چمکانے والے |