فعل ماضی کی قسمیں

فعل ماضی کی مندرجہ ذیل اقسام ہیں۔

ماضی مطلق:

وہ فعل جس میں کسی کام کا کرنا ، ہونا یا سہنا مطلق گزرے زمانے میں پایا جائے۔ مثلاً عمار نے چائے پی۔ وہ رویا۔ وہ ہنسے۔

ماضی قریب:

وہ فعل جس میں کسی کام کا کرنا ، ہونا یا سہنا قریب کے گزرے زمانے میں پایا جائے۔ مثلاً اُس نے چائے پی ہے۔ وہ ہنسا ہے۔

ماضی بعید:

وہ فعل جس میں کسی کام کا کرنا ، ہونا یا سہنا دور کے گزرے زمانے میں پایا جائے۔ مثلاً عمار نے چائے پی تھی۔ وہ ہنسا تھا۔

ماضی استمراری:

وہ فعل جس میں کسی کام کا کرنا ، ہونا یا سہنا گزرے زمانے میں جاری حالت میں (بار بار ہونا) پایا جائے۔ مثلاً عمار چائے پیتا تھا۔ وہ ہنستا تھا۔ بارش ہو رہی تھی۔

ماضی شکیّہ:

وہ فعل جس میں کسی کام کا کرنا ، ہونا یا سہنا گزرے زمانے میں شک میں پایا جائے۔ مثلاً عمار نے چائے پی ہو گی۔ وہ ہنسا ہو گا۔

ماضی تمنّائی:

وہ فعل جس میں کسی کام کے کرنے ، ہونے یا سہنے کی تمنا گزرے زمانے میں پائی جائے۔ مثلاً عمار چائے پیتا۔وہ ہنستا۔