حرف کی تعریف اور اسکی اقسام

حرف:

وہ کلمہ جو نہ فعل ہو نہ اسم اور نہ کسی مصدر سے مُشتق ہو بلکہ دو لفظوں کو آپس میں ملاتا ہو گویا الفاظ میں ربط اور تعلق پیدا کرتا ہو۔ جس سے مطلب سمجھنا آسان ہو جاتا ہے۔ جیسے کا۔ کی۔ کو۔ سے ۔ میں۔نے۔ پر وغیرہ۔

حروف (حرف)

وہ خاص حروف(الفاظ) ہیں جو جملے کے اجزاء کو باہم ملاتے اور جملے کے مطلب کا سمجھنا آسان کرتے ہیں، ان حروف کے استعمال کےبغیر جملوں یا الفاظ کا مطلب سمجھ نہیں آسکتا۔ جیسے کھانا میز لگا دو۔ کتاب بستہ ہے۔ میز نیچے جوتے پڑے ہیں۔ مجھے آپ مل خوشی ہوئی۔ ان جملوں میں پر، میں، کے ، سے ، کر لگانے سے جملے بامعنی اور آسان فہم ہو جاتے ہیں۔ کھانا میز پر لگا دو۔ کتاب بستے میں ہے۔ میز کے نیچے جوتے پڑے ہیں۔ مجھے آپ سے مل کر خوشی ہوئی۔ پر، میں، کے ، سے ، کر حروف کہلاتے ہیں ۔

حروف کی درج ذیل اقسام ہیں۔

حروفِ ربط:

یہ حروف ایک لفظ(اسم) کا تعلق دوسرے لفظ(فاعل یا مفعول ) سے ظاہر کرتے ہیں۔ جیسے کا، کی، کو، نے ۔سے
اسلم کو کھانا دے دو۔ وہ علی کی کتاب ہے۔ بابر نے علی کو سلام کیا۔ ان جملوں میں ”کو، کی اور نے“ حروف ربط ہیں۔

حروف ربط کی 4 معروف صورتیں یہ ہیں۔

حالت فاعلی:

”نے“ فاعل کے ساتھ استعمال ہوتا ہے۔ جیسے علی نے پانی پیا۔ اکبر نے کتاب پڑھی۔ (نے کا استعمال صرف فعل ماضی میں ہوتا ہے۔)

حالتِ مفعولی:

”کو“ مفعول کے ساتھ استعمال ہوتا ہے۔ جیسے نوکر کو بلاؤ۔ علی کو کتاب دو۔ (بعض اوقات کو کی جگہ ”کے“ کا حرف استعمال ہوتا ہے۔ جیسے ماں نے بچے کے کاجل لگایا۔)

حالتِ اضافی:

”کا، کی، کے“ دو اسموں کے تعلق کو ظاہر کرتے ہیں۔ جیسے علی کی کتاب، آپ کا کمرہ، درخت کی جڑ۔ (ان کا استعمال فعل سے ماوراء ہوتا ہے۔)

حالتِ طوری:

”سے“ اسم کے ساتھ استعمال ہوتا ہے۔ جیسے آپ کہاں سے آئے؟ تم علی سے بات کر لو۔ وہ مجھ سے کیا چاہتے ہیں؟ وہ کل سے بیمار ہے۔ (بعض اوقات بطور علامت مفعول بھی استعمال ہوتا ہے)

حروفِ جار:

وہ حرف جو کسی اسم کو فعل سے ملاتے ہوں۔ جیسے کھانا میز پر لگا دو۔ کتاب بستے میں ہے۔ ان جملوں میں "پر” اور "میں” حروف جار ہیں۔ (کا۔ کی ۔ کے۔ کو۔ پر ۔ سے۔ تک۔ میں۔ تلک۔ سے۔اوپر۔ پہ۔ نیچے۔ درمیان۔ ساتھ۔ اندر۔ باہر حروف جارہیں)

حروف ِعطف:

یہ حروف 2 اسموں یا جملوں کو ملانے کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔ مثلاً کھانا کھا کر مجھے خط سنا دو۔ کتاب اور اخبار لے آؤ۔ ان جملوں میں”کر” اور "اور” حروف عطف ہیں۔ (اور۔ و۔ نیز۔ بھی۔ کر۔ پھر حروف عطف ہیں)

حروف ِشرط:

یہ حروف کسی شرط کے لیے بولے جاتے ہیں۔ جیسے اگرتم محنت کرتے تو پاس ہو جاتے۔ اس جملے میں "اگر” حرفِ شرط ہے۔ (اگر۔ گر۔ اگرچہ۔ جب۔ جب تک۔ تاوقتیکہ۔ جو ں جوں۔ جونہی حروفِ شرط ہیں)

حروف ِندا:

یہ حروف کسی کو پکارنے یا آواز دینے کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔ جیسے اجی! سنتے ہو۔ ارے یہ کیا؟ ان جملوں میں "اجی” اور "ارے” حروف ندا ہیں۔ حروف ندا کے بعد علامت ندا "!” بھی لگائی جاتی ہے۔ (ارے۔ ابے۔ او۔ یا۔ اجی حروف ندا ہیں)

حروف ِنُدبہ وتاسّف :

یہ حروف غم یا افسوس کے لیے بولے جاتے ہیں۔جیسے” افسوس !آپ نے محنت نہیں کی!’ اس جملے میں” افسوس” حرف ِتاسف ہے۔ ( افسوس۔ صد افسوس۔ وائے۔ حیف۔ ہائے۔ ہائے ہائے۔ اُف۔ اُفوہ۔ حسرتا۔ وا حسرتا۔ہیہات ہیہات۔ہے ہے حروف تاسف ہیں)

حروفِ تشبیہ و تمثیل:

یہ حروف ایک شے کو دوسری کی مانند بتانے کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔ جیسے برف کی طرح سرد۔ چاند کی مانند چمکتا۔ موتی جیسے دانت۔ یہاں "طرح” ، "مانند” اور "جیسے” حروف تشبیہ ہیں۔ (مانند، مثل۔ طرح۔ سا۔ جیسا۔ جوں۔ ہو۔ بہو۔ عین بین۔ بعینہ حروف تشبیہ ہیں)

حروف ِاضافت:

وہ حروف جو صرف اسموں کے باہمی تعلق یا لگاؤ کو ظاہر کرتے ہیں، حروف اضافت کہلاتے ہیں۔ جیسے اسلام کی خوبیاں۔ آسمان کا رنگ۔ ان جملوں میں "کی” اور "کا” حروف اضافت ہیں۔

حروف ِنفی:

جن حروف سے نفی یا انکار کا مطلب نکلتا ہو، حروف نفی کہلاتے ہیں۔ مثلاً حاشا و کلّا ! میں نے یہ بات نہیں کہی۔ جو مزہ دیس میں ہے وہ پردیس میں نہیں۔ یہاں ”نہیں“ اور”حاشّا و کلّا“ حروف نفی ہیں۔ (نہ۔ نَے۔ نہیں۔ مت۔ بے۔ حاشا ک کلّا۔ حروف نفی ہیں)

حروفِ فجائیہ (تحسین یا انبساط):

یہ کسی اسم کی تعریف کے لیے بولے جاتے ہیں۔ مثلاً شاباش ! تم کامیاب ہو گئے۔ سبحان اللہ! کیسی خوبصورت گائے ہے۔ ان جملوں میں ” شاباش” اور "سبحان اللہ ” حروف تحسین ہیں۔ (کچھ حروف انبساط یہ ہیں؛ سبحان اللہ۔ ماشاءاللہ۔ جزاک اللہ۔ اللہ اللہ۔ آہا۔ بہت خوب۔ بہت اچھا۔ مرحبا۔ آفرین۔ شاباش۔ واہ واہ)

حروف ِنفرین:

یہ حروف نفرت یا ملامت کے اظہار کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔ جیسے ہزار لعنت تمھارے جھوٹ پر۔ تف ہے تمھاری مردانگی پر۔ ان جملوں میں "ہزار لعنت” اور ” تف” حروف نفرین ہیں۔(تُف۔ لعنت۔ ہزار لعنت۔ پھٹکار۔ اخ تھو۔ چھی چھی)

حروف ِعلّت/تعلیل:

یہ حروف جملے میں کسی وجہ یا سبب کو ظاہر کرنے والے ہوتے ہیں۔ جیسے وہ دیر سے پہنچا کیونکہ بارش ہو رہی تھی۔ اس جملے میں”کیونکہ” حرف علّت ہے۔ (کچھ حروف علّت یہ ہیں؛ چنانچہ۔ لہذا۔ بنا بریں۔ پس۔ چونکہ۔ تاکہ۔ اس لیے۔ کیونکہ )

حرفِ بیان:

وہ حرف جو کسی وضاحت کے لیے استعمال ہو۔ جیسے باپ نے بیٹے سے کہا کہ سبق سناؤ۔ احمد یعنی تمھارا نوکر وہاں موجود تھا۔ یہاں ”کہ“ اور ”یعنی“ حرف بیان ہیں۔

حروف ِتردید:

وہ حروف جو دو باتوں میں سے کسی ایک کو اختیار کرنے کے موقع پر بولے جائیں، حروف تردید کہلاتے ہیں۔جیسے غریب ہو یا امیر۔ اچھا ہو کہ برا۔ خواہ یہ لو خواہ وہ لو۔ چاہے رہیں چاہے چلے جائیں۔ ان جملوں میں ”یا، کہ، خواہ“ اور ”چاہے“ حروف تردید ہیں۔

حروف ِاضراب:

ایک بات کو ترقی دیکر اعلیٰ کو ادنیٰ یا ادنیٰ کو اعلیٰ بنا لینے کے موقع پر جو حرف دو جملوں میں استعمال ہوتا ہے اسے حرف اضراب کہتے ہیں۔ کبھی صفات میں ترقی دینے کے لیے بھی استعمال ہوتا ہے۔ مثلاً وہ انسان نہیں بلکہ گدھا ہے۔ یہاں ”بلکہ“ حرف اضراب ہے۔

حروف ِاستدراک:

وہ حروف جو دو جملوں میں سے کسی ایک میں بیان کیے گئے کسی شبہ کو دور کرنے کے لیے دوسرے جملے میں استعمال کیے جاتے ہیں۔ جیسے انور ذہین تو بہت ہے مگر محنتی نہیں۔ میں نے اسے دیکھا تو نہیں ہاں نام ضرور سنا ہے۔ وہ خود نہیں آئے گی البتہ اپنے بھائی کو بھیج دے گی۔ یہاں ”مگر، ہاں“اور ”البتہ“حروف استدراک ہیں۔ (مگر۔ ہاں۔ البتہ۔ پر۔ سو۔ الّا۔ وَلَے۔ لیکن۔حروف استدراک ہیں)

حروفِ استثنا:

جو حروف ایک چیز کو دوسری سے جدا کریں۔مثلاً اس کے سوا کس سے فریاد کریں؟ بجز اللہ ہمارا کون ہے؟ ان مثالوں میں ”بجز “اور ”سوا“ حروف استثنا ہیں۔ (جز۔ بجز۔ سوا۔ ما سوا۔ پھر۔ الا۔ مگر ۔حروف استثنا ہیں)

حروفِ استفہام:

یہ حروف کوئی سوال پوچھنے کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔ جیسے وہ کہاں جا رہا ہے؟ کیا تم بیمار ہو؟ ان جملوں میں "کہاں” اور "کیا” حروف استفہام ہیں۔ علامت استفہام "؟” جملے کے آخر میں استعمال کی جاتی ہے۔
(مشہور حروف استفہام یہ ہیں؛ کیا۔ کب۔ کیوں۔ کہاں۔ کون۔ کس۔ کیسا۔ کتنا۔ کیونکہ۔ کاہے۔ آیا)

حروفِ حصر و خصوصیت:

جو حروف کسی اسم یا فعل کے ساتھ آ کر ایک قسم کی خصوصیت پیدا کر دیں، حروف حصر و خصوصیت کہلاتے ہیں۔ مثلاً دنیا محض دھوکہ ہے۔ میں اکیلا کیا کر سکتا ہوں؟ خالی باتوں سے کچھ نہیں ہوتا۔ ان مثالوں میں ”محض، اکیلا“ اور”خالی“ حروف خصوصیت ہیں۔(ہی۔ تنہا۔ محض۔ فقط۔ اکیلا۔ ہمی۔ تمہی۔ خالی ۔حروفِ خصوصیت ہیں)۔یہ حروفِ تخصیص بھی کہلاتے ہیں۔

حروفِ قسَم:

وہ حروف جو قسم کھانے کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں، حروف قسم کہلاتے ہیں۔ جیسے بخدا میں نے اسے نہیں مارا! واللہ یہی سچ ہے۔ ان جملوں میں ”بخدا“ کی ”ب“ اور واللہ کا ”و“ حروفِ قسم ہیں۔

حروفِ تاکید:

وہ حروف جن سے کلام میں زور پیدا ہوتا ہے۔ مثلاً آپ کی یہ خبر بالکل غلط ہے۔ مجھے مطلقاً آپ پر اعتبار نہیں۔ زنہار کسی سے اُدھار نہ مانگنا۔ ان مثالوں میں ”بالکل۔ مطلقاً“ اور ”زنہار“ حروف تاکید ہیں۔ (ضرور۔بالضرور۔ ہرگز۔ کبھی۔ زنہار۔ مطلقاً۔ سراسر۔ سبھی۔ کُل۔ سربسر۔ قطعاً۔ اصلاً۔ بعینہٖ۔ کُلہم۔ سب کے سب۔تمام ۔حروفِ تاکید ہیں)

حروف ِتنبیہہ:

وہ حروف جو خبردار کرنے اور ڈرانے کے لیے استعمال کیے جائیں، حروفِ تنبیہہ کہلاتے ہیں۔ مثلاً خبردار!آئیندہ ایسی حرکت مت کرنا۔ ہیں! یہ تم نے کیا کر دیا۔ دیکھنا!کہیں چوٹ نہ لگ جائے۔ ان جملوں میں”خبردار۔ہیں“ اور ”دیکھنا“ حروف تنبیہہ ہیں۔ (خبردار۔ زنہار۔ دیکھنا۔ دیکھو تو۔ سنو تو۔ ہیں۔ ہیں ہیں۔ ہوں۔ حروفِ تنبیہہ ہیں)

حروفِ ایجاب:

کسی پُکار کے جواب یا اقرار کے لیے جو حروف بولے جاتےہیں ،حروف ِ ایجاب کہلاتے ہیں۔(ہاں۔ جی ہاں۔ جی۔ اچھا۔ بہت اچھا۔ ٹھیک۔ واقعی۔ بجا۔ درست۔ بہتر ۔حروفِ ایجاب ہیں)

حروفِ ظرفیت:

یہ حروف جو مقامِ ظرفیت(جگہ، مقام،وقت) کے لیے بولے جاتے ہیں۔ (یہاں۔ وہاں۔ جہاں۔ کہاں۔ واں۔ یاں۔ اِدھر۔ اُدھر۔ جدھر۔ کدھر۔ اب۔ جب۔ کب۔ تب۔ ابھی۔ جبھی۔ کبھی۔ اس جگہ۔ کس جگہ۔ اس وقت۔ کس وقت۔ حروفِ ظرفیت ہیں)

حروفِ تعجب/استعجاب:

یہ حروف تعجب کے موقع پر بولے جاتے ہیں۔ (اللہ اللہ۔ سبحان اللہ۔ العظمت لللہ۔ اللہ اکبر۔ لا حول و لا قوۃ۔ حاشّا و کلّا۔ او ہو۔ حروفِ تعجب ہیں)

حروفِ مفاجات:

یہ حروف کسی امر کے نا گہاں وقوع پر بولے جاتے ہیں۔جیسے اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ دفعتاً گاڑی الٹ گئی۔ (ناگاہ۔ نا گہاں۔ اچانک۔ دفعتاً۔ یک بیک۔ یکایک۔ اتفاقاً۔ یکبارگی۔ حروفِ مفاجات ہیں)

حروفِ(کلمات)خلاصهٔ کلام:

وہ حروف جن سے کلام کا خلاصہ بیان کیا جا رہا ہو۔ (غرض۔ الغرض۔ القصّہ۔ قصّہ کوتاہ۔ قصّہ مختصر۔ حروف خلاصهٔ کلام ہیں)