جمع کی اقسام اور اصول

  • عربی میں جمع کی تین بنیادی اِقسام ہیں
  • 1۔ جمع مذکر سالم
  • 2۔ جمع مؤنث سالم
  • 3۔ جمع مکسر

1۔ جمع مذکر سالم:

یہ جمع مذکر کے لیے ہوتی ہے ،اصل لفظ کے آخر میں کچھ حروف کا اضافہ کیا جاتا ہے۔ مثلاً مسلم+ونَ=مُسلِمُونَ کافر+ونَ=کافرُون َ
اسے بنانے کے لیے آخری حرف پر موجود حرکت (اعراب) کو ہٹا کر "پیش ” لگایا جاتا ہے ، اور واحد کے آخر میں "و” اور”زبر "والے "ن ” کا اضافہ کرنا ہوتا ہے ۔

2۔جمع مؤنث سالم:

یہ جمع مؤنث کے لیے ہوتی ہے۔ اصل لفظ کے آخر میں کچھ حروف(ات) کا اضافہ کیا جاتا ہے۔ مثلاً
مُسلمةٌ سےمسلم+ات=مُسلِماتٌ ،حافظۃ سے حافظ +ات=حافِظات ٌ طالبہ سے طالب +ات=طالبات
اسے بنانے کے لیے، واحد کے آخر میں موجود ” ۃ "سے پہلے والے حرف پر "زبر” ڈال دی جاتی ہے اور "ة ” کی جگہ "ا” اور ” ت ” کا اضافہ کر کے آخر والے "ت ” پر (دو پیش والی) تنوین” ٌ ” لگا دیتے ہیں۔

نوٹ: جمع سالم کی عربی میں اعراب کے لحاظ سے مندرجہ ذیل 3حالتیں ہوتی ہیں:
رفعی ۔(اگر لفظ مرفوع ہوتا ہو یعنی اس کے آخری حرف پر پیش ہو)
نصبی ۔(اگر لفظ منصوب ہو یعنی اس کے آخری حرف پر زبر ہو)
جری ۔(اگر لفظ مجرور ہو یعنی اس کے آخری حرف پر زیر ہو)

3۔جمع مکسر:

وہ جمع جِس میں اِسم واحد کی شکل تبدیل ہو جاتی ہے ، یعنی اصل لفظ میں تغیّر کر کے نیا لفظ بنا لیا جاتا ہے۔
مثلا ،قَلم ٌ ، کی جمع ، اَقلام رجل ، کی جمع رِجَال صالح ، کی جمع صُلُحاء
جمع مُکسّر عربی اہل لغت کے ہاں معروف ہیں ۔ یہ مختلف اوازن کے مطابق بنائے جاتے ہیں۔

جمع مکسر کی دو اقسام ہیں۔

1۔ جمع قلت:

یہ 3 سے 10 تک کی تعداد کو ظاہر کرتے ہیں۔ اس کے 4 اوزان مشہور ہیں۔

  • 1۔ اَفعُل: جیسے نَفس سے اَنفُس، ذِراع سے اَذرُع، کفّ سے اَکفُّ وغیرہ
  • 2۔ اَفعَال: جیسے جَدّ سے اَجدَاد، ثَوب سے اَثوَاب، جَمَل سے اَجمَال وغیرہ
  • 3۔اَفعِلَہ: جیسے شَرَاب سے اَشرِبَہ، غِذَاء سے اَغذِیہ، طَعَام سے اَطعِمہ وغیرہ
  • 4۔فِعلَہ: جیسے غُلَام سے غِلمَہ، فَتی سے فِتیَہ، سَافِل سے سِفلَہ وغیرہ

2۔ جمع کثرت:

یہ10سے زیادہ کی تعداد (لا محدود)کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں، اس کے چند مشہور اوزان یہ ہیں۔

  • فُعَل۔ جیسے احمر سے حُمَر۔ اَحوَر سے حُوَر۔ اسوَد سے سُوَد۔ وغیرہ
  • فُعُل۔ جیسے کتاب سے کُتُب۔ عناق سے عُنُق۔ صبور سے صُبُر۔ وغیرہ
  • فُعَل۔ جیسے غرفہ سے غُرَف ۔ کبریٰ سے کُبَر۔ صغریٰ سے صُغَر۔ وغیرہ
  • فِعَل۔ جیسے قطعہ سے قطع۔ حجّہ سے حِجَج۔ سیرت سے سِیَر وغیرہ
  • فُعَلَہ۔ جیسے ہاد سے ہداۃ۔ قاض سے قضاۃ۔ غاز سے غذاۃ وغیرہ
  • اَفعِلاء۔ جیسے ولی سے اولیاء۔ نبی سے انبیاء۔ حبیب سے احباء وغیرہ
  • اَفعِلَہ۔ جیسے امام سے ائمہ۔ لباس سے البسہ۔ دُعا سے ادعیہ۔ وغیرہ
  • فُعُول۔ جیسے عیب سے عُیُوب۔ عقد سے عقود۔ علم سے عُلُوم۔ وغیرہ
  • فَعالِی۔ جیسے حاشیہ سے حواشی۔ اہل سے اہالی۔ سعی سے مساعی۔ وغیرہ
  • فِعلَان۔ جیسے اَخ سے اِخوان۔ غلام سے غِلمان۔ باغی سے بِغیان۔ وغیرہ
  • اَفَاعِلَہ۔ جیسے استاد سے اساتذہ۔ ملعون سے ملاعنہ۔ تلمیذ سے تلامذہ۔ وغیرہ
  • فُعَّال۔ جیسے عاشق سے عُشَّاق۔ فاجر سے فجَّار۔ زاہد سے زُہَّاد۔ وغیرہ
  • فُعَلَاء۔ جیسے ادیب سے اُدَبَاء۔ حکیم سے حُکَماء۔ خلیفہ سے خُلَفاء۔ وغیرہ
  • فَعَالٰی۔ جیسے صحرا سے صحاریٰ۔ خطا سے خطایا۔ یتیم سے یتامیٰ۔ وغیرہ
  • فَعالِل اور فَعالیل۔ جیسے درہم سے دراہم ۔ دینار سے دنانیر۔ وغیرہ
  • اَفَاعِل اور اَفاعَیل۔ جیسے فضل سے افاضل۔ اسلوب سے اسالیب۔ وغیرہ
  • تَفَاعِل اور تَفَاعِیل۔ جیسے تجربہ سے تجارب۔ تسبیح سے تسابیح۔ وغیرہ
  • مَفَاعِل اور مَفَاعِیل۔ جیسے معیشہ سے معایش۔ میثاق سے مواثیق۔ وغیرہ
  • فَوَاعِل اور فَواعِیل۔ جیسے خاتم سے خواتم۔ طومار سے طوامیر۔ وغیرہ
  • فَعَائِل۔ جیسے صحیفہ سے صحائف۔ سحابہ سے سحائب۔ وغیرہ
  • فَعَالَی اور فُعَالَی۔ جیسے فتویٰ سے فتاویٰ۔ عذرا سے عذاریٰ۔ وغیرہ
  • فَعَالیّ۔ جیسے کُرسیّ سے کَراسیّ۔ قُمریّ سے قُماریّ۔ وغیرہ

جمع مکسر کی حالتیں

  • عربی قواعد میں جمع مکسر کی دو حالتیں ہیں۔
  • 1۔عاقل
  • 2۔غیر عاقل

عاقل:۔

عربی میں تین اجناس کے لیے استعمال ہوتا ہے:
1۔انسان 2۔جن 3۔ فرشتے
اگر جمع مکسر عاقل ہو تو اس کے ساتھ مذکر اور مؤنث دونوں کا معاملہ کیا جاسکتا ہے ۔

غیر عاقل:۔

اگر جمع مکسر غیر عاقل ہے یعنی انسان ،جن یا فرشتوں کے علاوہ کسی چیز کا ذکر ہے تو ہمیشہ مؤنث کا معاملہ کیا جائے گا۔